حماس سمیت فلسطینی دھڑے غزہ کا انتظام ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے سپرد کرنے پر متفق

حماس سمیت اہم فلسطینی سیاسی جماعتوں نے جنگ کے بعد غزہ کے انتظامات ایک آزاد ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے سپرد کرنے پر اتفاق کرلیا۔ حماس کی ویب سائٹ پر فلسطینی تنظیموں کا مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے۔فلسطینی تنظیموں کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی عرب اور عالمی اداروں کے تعاون سے غزہ کا انتظام سنبھالے گی۔عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قاہرہ میں ہونے والے ایک اجلاس کے بعد حماس کی ویب سائٹ پر جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تمام گروپوں نے فیصلہ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کا انتظام ایک عارضی فلسطینی کمیٹی کو سونپا جائے گا جو ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہوگی۔بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی تنظیموں نے کچھ اہم نکات پر اتفاق کیا ہے جن میں جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد اور اس کے تحت تمام اقدامات کو جاری رکھنا جن میں غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنا اور تمام گزرگاہوں کو کھولنا شامل ہے۔مزید کہا گیا کہ تمام دھڑوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وہ ایک متحد موقف اختیار کریں گے تاکہ مسئلہ فلسطین کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکے اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے بین الاقوامی نگران کمیٹی قائم کی جائے گی جو مالی معاونت اور منصوبوں کے نفاذ کی نگرانی کرے۔ذرائع کے مطابق فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ ملاقاتیں جاری رکھی جائیں گی اور اسرائیلی حکومت کی طرف سے درپیش چیلنجوں کے مقابلے میں فلسطینی داخلی اتحاد کو منظم کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں