سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر ناقابل قبول ہے ہمیں ٹائم لائن سے پہلے کام مکمل کرنا ہوگا۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں منصوبےمیں حائل رکاوٹوں اور مسائل پر گفتگو کی گئی.اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ نجم شاہ اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے نمائندوں اور بین الاقوامی کنسلٹینٹس نے بھی آن لائن شرکت کی۔اجلاس میں پانی بجلی کی لائنوں ودیگر سمیت یوٹیلٹیز کی منتقلی کی وجہ سے ہونے والی تاخیر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا. کے فور اور اور کے ای کے انفراسٹرکچر ایڈجسٹمنٹ کومنصوبے میں تاخیر کی بڑی وجہ قرار دیا گیا۔3 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی میں حائل رکاوٹوں اور مسائل کے فوری حل پر گفتگو کی گئی.شرجیل میمن نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مسائل حل کرنے اور بلا روک ٹوک پیش رفت یقینی بنانے کے لیے 5 دن کی ڈیڈ لائن دے دی۔شرجیل میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر ناقابلِ قبول ہے، ٹائم لائن سے پہلے کام مکمل کرنا ہو گا، تعمیراتی کام میں تیزی لانے کے لیے 3 شفٹوں صبح، شام اور رات میں کام کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کام 24 گھنٹے جاری رہے.اُنہوں نے ایئر پورٹ کے قریب کام شروع کرنے کے لیے سول ایوی ایشن سے رابطے کی بھی ہدایات کی۔