امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈٹرم الیکشن سے پہلے اہم بیان دیتے ہوئے ملک میں پوسٹل بیلٹ کا نظام ختم کرنے کا عندیہ د ے دیا۔امریکی صدر ٹرمپ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹل بیلٹ کا نظام ختم ہونا چاہیے یہ نظام ختم کرنے کیلئے صدارتی حکمنامہ جاری کروں گا۔ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پوسٹل بیلٹ کا نظام دھاندلی کا ذریعہ ہے اس لیے وہ اسے ختم کرنے کے لیے صدارتی حکم نامہ جاری کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے بہترین وکلا اس ایگزیکٹو آرڈر کی تیاری کر رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ میں بذریعہ ڈاک ووٹنگ کو ختم کرنے کے لیے ایک تحریک کی قیادت کرنے جا رہا ہوں اور ساتھ ہی بہت مہنگی اور متنازع ووٹنگ مشینوں کو بھی ختم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 2020 کے صدارتی انتخابات میں انہیں اسی نظام کے ذریعے ہرایا گیا تھا جب کہ دیگر کئی ممالک پہلے ہی پوسٹل بیلٹ کا طریقہ کار ترک کرچکے ہیں۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پوسٹل بیلٹ وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ڈیموکریٹس اقتدار میں آتے ہیں۔ امریکا کی 50 ریاستیں علیحدہ علیحدہ انتخابات کراتی ہیں لیکن ٹرمپ نے انہیں خبردار کیا کہ وہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق عمل کریں۔ٹرمپ بارہا دعویٰ کرچکے ہیں کہ سن2020 کے صدارتی انتخابات میں انہیں شکست اسی لیے ہوئی تھی کہ ڈیموکریٹس نے پوسٹل بیلٹس کا غلط استعمال کیا تھا اوراس کے نتیجے میں جو بائیڈن صدر بننے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
