پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو پارٹی کے اندرونی معاملات پر عوامی سطح پر گفتگو کرنے سے منع کردیا۔عمران خان کے ایکس پر پیغام میں کہا گیا کہ میڈیا کے سامنے اندرونی معاملات یا ذاتی تحفظات کو عوامی سطح پر لانا بالکل ناقابلِ قبول ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم میں سے بہت سے لوگ بشمول وہ خود بدترین قید کاٹ رہے ہیں اس لیے میں پارٹی کے ہر رکن کو ہدایت دیتا ہوں کہ ذاتی رنجشیں بالکل چھوڑ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ہدایت بالکل واضح ہے کہ کوئی بھی سینئر یا جونیئر عہدیدار اندرونی اختلافات کو سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا یا کسی بھی پلیٹ فارم پر ظاہر نہ کرے۔سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کہ اگر کوئی پارٹی عہدیدار اس تحریک میں شامل نہ ہوا تو میں جیل کے اندر سے بھی اس کے بارے میں خود فیصلہ کروں گا۔پوری پارٹی کو احتجاجی تحریک پر ہی توجہ دینی چاہیے تاکہ پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق بحال ہو سکیں۔
