فرانس کے ایک اعلیٰ انٹیلیجنس اہلکار نے امریکی میڈیا کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا ایک رافیل لڑاکا طیارہ مار گرایا ہےجبکہ فرانسیسی حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے واقعی ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے۔دوسری طرف امریکی میڈیا کو بھارتی آفیشلز نے 3 طیاروں کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کردی ہے .رافیل طیاروں سے متعلق فرانسیسی اہلکار نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی جنگ میں جدید ترین رافیل طیارہ تباہ ہوا ہے۔تاہم اس حوالے سے رافیل طیارہ بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی انٹیلیجنس افسر نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے گرایا گیا یہ رافیل طیارہ ہی ہے اور یہ پہلا موقع ہے جب کوئی رافیل جنگ میں تباہ ہوا ہے۔ یہ طیارہ بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال تھا اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی گئی مبینہ فضائی کارروائی کے دوران مار گرایا گیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے اینکر اور سیکیورٹی امور کے ماہر جم سکیوٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ ہ فرانس کی متعلقہ اتھارٹیز اس بات کی تحقیق کر رہی ہیں کہ آیا رات گئے پاکستان نے ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے ہیں یا نہیں۔ دوسری جانب امریکی میڈیا کو انٹرویو میں بھارتی سیکیورٹی آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 3 طیارے گر کر تباہ ہوئے ہیں لیکن ان کی وجوہات ابھی واضح نہیں۔امریکی جریدے نے یہ تبصرہ بھی کیا ہے کہ بھارت پاکستان میں ایئر اسٹرائیک کرکے پہلگام حملوں کے بدلے کا دعویٰ تو کر رہا ہے لیکن ایسے شواہد بھی سامنے آرہے ہيں کہ بھارتی فورسز کو اس آپریشن میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے جہاں کم از کم 2 طیارے تو مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نے گزشتہ شب بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔
