پاکستان اور بھارت نے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہیں اور ایسے میں اتوار کی سہ پہر 2 امریکی ہیلی کاپٹرز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بھارتی شہر احمد آباد کا سفر کیا۔ رات گئے تک ہیلی کاپٹر احمد آباد میں ہی موجود تھے ان ہیلی کاپٹرز میں مسافر کون تھے اور انہوں نے کس مقصد کے لیے کراچی اور پھر بھارت کا سفر کیا فوری طور پر معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق امریکی رجسٹریشن کے حامل 2 ہیلی کاپٹرز اتوار کی دوپہر ایک بجے شارجہ سے کراچی پہنچے ویسٹ اسٹار ایوی ایشن اور پرائیویٹ ملکیت کے دونوں لیونارڈو اے ڈبلیو 139ہیلی کاپٹرز لگ بھگ 2 گھنٹے تک کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر موجود رہے۔ بعدازاں سہ پہر لگ بھگ 3بجے دونوں ہیلی کاپٹر کراچی سے بدین کی طرف روانہ ہوئے اور 9 ہزار فٹ کی بلندی سے سفر کرتے ہوئے سندھ کے شہر چوہڑ جمالی کے قریب سے بھارت میں داخل ہوگئے اور دونوں ہیلی کاپٹروں نے بھارتی شہر احمد آباد کے ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔
