غزہ کے علاقے خان یونس میں حماس کے حملے میں پلاٹون کمانڈر سمیت 7 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک جھڑپ میں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی بھی ہوا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق مزاحمت کاروں نے اس جگہ پہلے سے بارودی مواد نصب کیا ہوا تھا جہاں سے اسرائیلی فوجیوں نے گزرنا تھا اور جب اسرائیل فوج کی بکتر بند گاڑی بارودی مواد سے ٹکرائی تو دھماکا ہوا جس سے ہلاکتیں ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق فوجیوں کی ہلاکت گزشتہ روز جنوبی غزہ میں ہوئی اور تمام ہلاک فوجیوں کا تعلق انجینئرنگ بٹالین سے تھا جب کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی عمریں 19 سے 21 سال کے درمیان ہیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق ایک علیحدہ واقعے میں جنوبی غزہ ہی میں ایک اور اسرائیلی فوجی شدید زخمی بھی ہوا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج نے غزہ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں میں سے 6 کی شناخت ظاہر کردی تاہم ایک فوجی کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔ اسرائیلی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق جون کے آغاز سے اب تک غزہ میں لڑائی کے دوران 19 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں.جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری غزہ جنگ میں 861 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5 ہزار 921 زخمی ہوئے ہیں
