لوئر کرم کے نمائندوں کی غیرحاضری کے باعث امن معاہدہ نہ ہوسکا

گرینڈ جرگہ منگل کو بھی امن معاہدے پر نہ پہنچ سکا. لوئر کرم کے دو نمائندوں کی عدم شرکت کے باعث متحارب فریقین کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد تاخیر کا شکار ہوگیا۔خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے سنیوں کی نمائندگی کرنے والے جرگے کے 2 ارکان اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ اپر کرم کی جانب سے پہلے ہی معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں جبکہ دونوں فریقین نے معاہدے کے اہم نکات پر بھی اتفاق کیا ہے. انہوں نے دعویٰ کیا کہ باضابطہ معاہدے پر دستخط محض ایک رسمی کارروائی ہے جسے آج (بدھ) دونوں فریقین کی ملاقات کے بعد انجام دیا جائے گا۔کُرم کے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کے مطابق لوئر کرم کے نمائندوں میں سے ایک سابق سینیٹر راشد احمد خان اپنے قریبی رشتہ دار کی موت کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریق معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے آج ے دوبارہ ملاقات کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں