محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 7 سے 11 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے جبکہ شہر قائد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کردیا.ادارے کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا ایک دباؤ موجود ہے اور یہ سسٹم 7 سے 11 ستمبر کے دوران سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر شہر قائد میں بارش تیز ہوئی تو اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔ عوام کو احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت سندھ میں معتدل سے تیز بارش کا امکان ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹے میں پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، سرگودھا، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک اور ملتان میں بارش کا امکان ہے۔اسی طرح خانیوال، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان، راجن پور اور دیگر علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹے میں بارش کا امکان ہے۔
