مدعی نے مقدمہ واپس لے لیا.چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی سمیت 3 ملزمان رہا

تشدد اور دھمکیاں دینے کے کیس میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے بھائی چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی سمیت 3 ملزمان کو تھانے سے رہا کر دیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ فرحان غنی اور دیگر کے خلاف مدعی حافظ سہیل احمد جدون نے مقدمہ واپس لے لیا ہے۔ مدعی نے تحریری درخواست تفتیشی افسر کو بھی جمع کروا دی ہے۔جبکہ فرحان غنی کے وکیل وقار عالم عباسی ایڈووکیٹ نے تینوں ملزمان کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ملزمان کا 30 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمان پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔دوسری جانب ملزم فرحان اور دیگر کو جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کیا جانا تھا تاحال ملزمان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا کورٹ ذرائع کےمطابق مقدمہ واپس لینے کی درخواست موصول ہونے پر ملزمان کی رہائی ممکن ہے۔یاد رہے کہ مدعی مقدمہ حافظ سہیل احمد نے تھانہ فیروز آباد میں درخواست دی کہ وہ سرکاری ملازم ہے اور 22 اگست کو شارع فیصل پر فائبر کیبل بچھانے کے کام کی نگرانی کررہا تھا کہ 3 گاڑیوں میں 20 سے 25 افراد آئے اور اس پر تشدد کیا، جان سے مارنے کی بھی دھمکیاں دیں۔بعد ازاں فرحان غنی اور دیگر ساتھیوں نے تھانہ فیروز آباد پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

مدعی نے مقدمہ واپس لے لیا.چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی سمیت 3 ملزمان رہا

اپنا تبصرہ لکھیں