ٹک ٹاکر، یوٹیوبر اور سوشل میڈیا اسٹار جیمز اسٹیفن جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ اور ان کے گروپ نے ٹک ٹاک کو امریکی شیئرز کی خریداری کے لیے 20 ارب ڈالرز کی پیش کش کردی۔امریکی میڈیا کے مطابق مسٹر بیسٹ سمیت دیگر افراد پر مشتمل گروپ کے رکن نے تصدیق کی کہ انہوں نے ٹک ٹاک کو امریکی شیئرز کے لیے 20 ارب ڈالر کی پیش کش کی ہے۔سرمایہ کاروں کے گروپ نے تصدیق کی کہ وہ براہ راست ٹک ٹاک کی مالک کمپنی ’بائیٹ ڈانس‘ سے رابطے میں نہیں۔جبکہ ٹک ٹاک کی مالک کمپنی نے فوری طور پر اب تک ملنے والی کسی بھی پیش کش سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ٹک ٹاک کے امریکی شیئرز کو خریدنے کے لیے ایلون مسک سمیت مائیکرو سافٹ کمپنی کے علاوہ دوسرے گروپ، کمپنیاں اور افراد بھی میدان میں ہیں۔امریکی حکومت نے 2024 میں ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کے امریکی شیئرز امریکیوں کے پاس ہونے کا قانون بنایا تھا دوسری صورت میں ٹک ٹاک کو امریکا میں بند کردیا جائے گا۔قانون کے تحت ٹک ٹاک کو 19 جنوری 2025 تک اپنے امریکی شیئرز فروخت کرنے تھے لیکن بعد میں عہدہ سنبھالتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کی مدت میں 75 دن کا اضافہ کردیا تھا۔ٹک ٹاک کے امریکی شیئرز کی قدر 50 ارب ڈالرز تک ہے اور اب اسے ایک گروہ کی جانب سے 20 ارب ڈالر کی پیش کش سامنے آئی ہے۔