محکمۂ موسمیات نے ملک میں جولائی کے پہلے ہفتے میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون کی ٹھنڈی ہوائیں 30 جون کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہو جائیں گی، جس کے بعد یکم جولائی سے لے کر چھ جولائی تک ملک کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو سکتا ہے، بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔2 جولائی سے خلیج بنگال سے بھی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، یکم سے 6 جولائی کے دوران کشمیر کے مختلف مقامات پر آندھی اور گرج چمک سے بارش کا امکان ہے۔یکم سے 5 جولائی کے دوران کے پی کے مختلف مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق 3 اور 4 جولائی کو سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع میں گرج چمک سے بارش کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے شمال اور شمال مشرقی اضلاع میں یکم سے 4 جولائی کے دوران بارش کی توقع ہے۔پنجاب کے مختلف مقامات میں یکم سے 6 جولائی تک آندھی اور گرج چمک سے بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی یکم سے 5 جولائی کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔اسی طرح شمال مشرقی بلوچستان کے علاقوں میں یکم سے چار جولائی تک بادلوں کے برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ کے بالائی اضلاع میں تین اور چار جولائی کو بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔یکم سے 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔