مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس نواز شریف کی زیرصدارت ہوا جس میں وزیر اعظم شہبازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنااللہ سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے عوام کے ریلیف کیلئے وفاقی حکومت کے اقدامات اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ہونے والی بات چیت پر پارٹی صدر کو اعتماد میں لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کے اقدامات پر پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں پنجاب کے بلدیاتی قانون کو بہتر بنانے کیلئے مزید اصلاحات کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام سیاسی، حکومتی قیادت اور اداروں کو مل بیٹھ کر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے اخراجات میں کٹوتی اور بچت سے عوام کے ریلیف کیلئے وسائل مہیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ خساروں کا شکار اداروں سے نجات کے ذریعے عوامی ریلیف کیلئے مالی گنجائش پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے، عوام کو ریلیف کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔
نوازشریف نے وفاقی حکومت کے 50 ارب اور پنجاب حکومت کے 46 ارب کے عوامی ریلیف کو سراہا۔ ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم شہبازشریف مشکل معاشی حالات میں نہایت محنت، جذبے اور بھرپور صلاحیت سے پرخلوص کام کررہے ہیں۔
صدر ن لیگ نے پنجاب کے عوام کو بجلی بلوں میں14 روپے فی یونٹ ریلیف کی فراہمی شروع ہونے پر مریم نواز کو شاباش دی اور کہا کہ چاہتاہوں پاکستان کے ہرشہری کو مہنگائی سے جلد ریلیف ملے، مریم نواز اور اُن کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ن لیگ کی دونوں حکومتیں اپنے اخراجات کا جائزہ لیں اور جہاں گنجائش نکلتی ہو نکالیں اور اسے عوام کو ریلیف دینے کیلئے استعمال کریں، عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔