عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے سعودی عرب میں ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ نے یہ اعلان روسی رہنما کے ساتھ تقریباً 90 منٹ کی ٹیلی فونک گفتگو کے بعد کیا جس میں انہوں نے یوکرین میں تقریباً 3 سال سے جاری ماسکو کے حملے ختم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز یوکرین کے بارے میں تین سال سے جاری امریکی پالیسی کو تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نےجنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے اور پوٹن نے فون پر طویل بات چیت کی جس میں انہوں نے تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے مل کر بہت قریب سے کام کرنے کا عزم کیا ہے.امریکی صدر نے کہا کہ ہم آخر کار ملاقات کی توقع کرتے ہیں درحقیقت ہمیں امید ہے کہ وہ سعودی عرب آئیں گے اور میں بھی وہاں جاؤں گا اور ہم شاید پہلی بار سعودی عرب میں ہی ملیں گے ہم دیکھیں گے کہ کیا ہم کچھ کر سکتے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ ملاقات کی تاریخ طے نہیں کی گئی، لیکن یہ عنقریب ہوگی۔اس سے قبل کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے اعلان کیا تھا کہ پیوٹن نے ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے عہدیداروں کو یوکرین پر بات چیت کے لیے ماسکو آنے کی دعوت دی ہے.امریکی صدر نے کہا ہے کہ تجویز دی کہ اس ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان شریک ہوں گے، ہم ولی عہد کو جانتے ہیں اور میرے خیال میں یہ ملاقات کے لیے بہت اچھی جگہ ہوگی۔