ٹرمپ نے ٹک ٹاک پر پابندی مزید 90 دن کےلیے مؤخر کردی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی کمپنی بائٹ ڈانس سے تعلق رکھنے والی ایپ ٹک ٹاک پر پابندی اور امریکی اثاثوں کی فروخت یا علیحدگی کےلیے مزید 90 دن کی مہلت دے دی ہے نئی تاریخ 17 ستمبر 2025ء مقرر کردی گئی۔ٹک ٹاک نے ایک بیان میں کہا کہ ہم صدر ٹرمپ کی قیادت اور حمایت کے شکر گزار ہیں جس کی بدولت 17 کروڑ امریکی صارفین اور 75 لاکھ کاروبار ٹک ٹاک تک رسائی برقرار رکھ سکیں گے۔ یہ تیسری بار ہے کہ صدر ٹرمپ نے ڈیڈلائن میں توسیع کی ہے اگر یہ توسیع نہ ہوتی تو ٹک ٹاک پر جمعرات سے پابندی عائد ہو جاتی.یہ فیصلہ اس قانون کے باوجود کیا گیا ہے جو اپریل 2024ء میں منظور ہوا تھا جس کے مطابق بائٹ ڈانس کو 19 جنوری 2025ء تک یا تو امریکی اثاثے فروخت کرنا تھے یا ایپ کو بند کرنا تھا۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان کارولین لیوٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ نہیں چاہتے کہ ٹک ٹاک بند ہو مگر ڈیٹا سیکیورٹی یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔امریکا اور چین میں ایک معاہدہ زیر غور تھا جس کے تحت ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو ایک نئی امریکی کمپنی میں تبدیل کیا جانا تھا جو امریکی سرمایہ کاروں کے زیرِ کنٹرول ہوتی تاہم چین نے ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے ٹیرف کے باعث اس ڈیل کو روک دیا۔

Trump postpones TikTok ban for another 90 days

اپنا تبصرہ لکھیں