امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے حوالے سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے ایرانی قیادت کو خط لکھا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے دو طرح سے نمٹا جاسکتا ہے ایک راستہ تو عسکری ہے اور دوسرا یہ کہ معاہدہ کیا جائے میں معاہدہ کرنا چاہوں گا کیونکہ میں ایران کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا وہ بہت اچھے لوگ ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں نے انہیں ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مجھے امید ہے کہ وہ مذاکرات پر تیار ہو جائیں گے کیونکہ اگر ہمیں فوجی راستہ اختیار کرنا پڑا تو یہ ایران کے لیے ایک خوفناک چیز ہو گی۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں ممکنہ طور پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو مخاطب کیا گیا ہے تاہم وائٹ ہاؤس نے اس سلسلے میں اب تک وضاحت نہیں کی۔ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں ایران کو اس خط کی ضرورت بھی ہے۔ دوسرا متبادل یہ ہے کہ ہمیں کچھ کرنا ہو گا کیونکہ ہم ایک اور جوہری ہتھیار نہیں بننے دے سکتے۔