حکومت کی حالیہ پالیسی میں تبدیلی کے بعد ٹویوٹا کی مقامی اسمبلر کمپنی انڈس موٹر نے پاکستان میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر غور شروع کردیا ہے۔کمپنی نے درآمد کے عمل کے آغاز کے لیے مطلوبہ دستاویزات، طریقہ کار اور ضوابط کی وضاحت کے لیے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ ے رابطہ کیا ہے۔ انڈس موٹر نےاپنی 58 ڈیلرشپس کے نیٹ ورک کے ذریعے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی حمایت کے لیے اپنی تیاری پر زور دیا جہاں تربیت یافتہ ٹیکنیشنز اور انجینئرز موجود ہیں۔واضح رہے کہ اپنے موجودہ پلیٹ فارم ٹویوٹا شیور کے ذریعے انڈس موٹر پہلے ہی تصدیق شدہ استعمال شدہ ٹویوٹا گاڑیوں کی خرید و فروخت میں سہولت فراہم کر رہی ہے یہ پروگرام گاہکوں کو اپنی پرانی گاڑیوں کے تبادلے اور دیگر آٹو ضروریات کے لیے ایک ہی جگہ پر حل فراہم کرتا ہے۔استعمال شدہ گاڑیوں کے شعبے میں پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ پہلے ہی تصدیق شدہ استعمال شدہ گاڑیوں کا پروگرام چلا رہی ہے جس کے تحت ایک سال تک کی وارنٹی والی گاڑیاں بغیر کسی بروکر یا کمیشن کے فراہم کی جاتی ہیں۔
