ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت اتوار کو فائنل میں مدمقابل آئیں گے۔فائنل سے پہلے دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان تناؤ کے سبب اس بار فائنل سے پہلے دونوں کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ روایتی فوٹو شوٹ نہیں ہورہا۔جہاں بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے 2 مقابلوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا وہیں فائنل میں بھی ایسی ہی صورتحال دکھائی دے رہی ہے اور اس بارے میں امکان کم ہے کہ ٹرافی کے ساتھ دونوں کپتان فوٹو شوٹ کروائیں ۔منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کے روز کوئی فوٹو شوٹ نہیں ہوگا اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ اتوار کو فائنل سے قبل کیا جائے گا۔ایسی صورتحال دکھائی دے رہی ہے کہ ممکن ہے کہ ٹرافی کے ساتھ دونوں کپتان فوٹو شوٹ میں حصہ نہ لیں ۔ قومی ٹیم کے کپتان آج رات پاکستانی وقت کے مطابق سات بجے پریس کانفرنس کریں گے۔ پاکستان ٹیم پاکستانی وقت کے مطابق رات7 سے 10 بجے دبئی میں واقع آئی سی سی اکیڈمی میں فائنل سے پہلے پریکٹس میں حصہ لے گی۔ میدان سے باہر کشیدگی نے ماحول کو مزید سنجیدہ بنا دیا ہے۔ واضح رہے کہ کسی بھی میگا ایونٹ میں فائنل سے پہلے دونوں ممالک کی ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ہمراہ فوٹو شوٹ کرواتے ہیں۔