پاکستان میں آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ اس کا آخری پروگرام ہو سکتا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ناتھن پورٹر نے کہا کہ دوہزار تئیس کے وسط میں پاکستان کی معیشت نے جو اتار چڑھاؤ اور بے یقینی دیکھی تھی اس کے بعد ملک میں معاشی استحکام آیا ہے۔ حالیہ پروگرام سے معیشت کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اچھی بنیاد مل سکتی ہے اور اگر پاکستان معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ اس کا آخری پروگرام ہو سکتا ہے۔قرض کی سخت شرائط کے سوال پر آئی ایم ایف مشن چیف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کے درپیش مخصوص مسائل کو مدنظر رکھا جاتا ہے اور ان کے حل بتائے جاتے ہیں، پاکستان کا موجودہ پروگرام بھی مختلف نہیں اور نہ ہی یہ زیادہ سخت ہے۔ ناتھن پورٹر نے اسپیشل اکنامک زونز کو خصوصی رعایتیں دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کاروباری اداروں کے لیے مراعات کو معاشی اہداف کے لیے حصول میں مدد گار تصور نہیں کرتا۔