پاکستان کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی۔ زاہد محمود کی جگہ محمد علی کی شمولیت کا امکان۔ انجری کے باعث فاسٹ باؤلر میر حمزہ کی شرکت مشکوک ۔ سعود شکیل کہتے ہیں ملتان جیسی وکٹ ملنے کی توقع ہے.

راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے سلیکٹرز، کپتان اور ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت مکمل کرلی، امکان ہے کہ بدھ کو پاکستان کی حتمی الیون کا اعلان کردیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق لیگ اسپنر زاہد محمود کی جگہ فاسٹ باؤلر محمد علی کی واپسی متوقع ہے۔ جبکہ فاسٹ باؤلر میر حمزہ کمر کی انجری کے باعث پریکٹس سیشنز میں شرکت کرتے دکھائی نہیں دیئے جس کے باعث ان کی شرکت کے امکانات بہت کم ہیں۔

دوسری طرف قومی ٹیم کے نائب کپتان اور ٹاپ آرڈر بلے باز سعود شکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امکان ظاہر کیا کہ راولپنڈی میں بھی ملتان جیسی وکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملتان ٹیسٹ میں کامیابی سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہوا ہے راولپنڈی میں بھی اسپنرز کے لیے سازگار پچ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ جمعرات سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں