پاکستان کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کے جنگی رافیل طیارے گرائے جانے کے بعد چینی فنکاروں نے مزاحیہ ویڈیو بنا ڈالی جو کہ بھارت، پاکستان اور چین سمیت دیگر ممالک میں وائرل ہوگئی۔پاکستان ایئر فورس کی جانب سے بھارتی رافیل گرائے جانے پر جہاں ایک طرف پاکستانی سوشل میڈیا صارفین بھارت کا مذاق اڑاتے نظر آرہے ہیں، وہیں چینی سوشل میڈیا بھی کسی سے پیچھے نہیں۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں چینی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو بھارتی شہریوں کی طرح پگڑیاں پہنے دیکھا جاسکتا ہے، ان پگڑیوں پر علامتی جہاز بنائے گئے ہیں اور چینی انفلوئنسرز اپنی زبان میں گانا گا کر رافیل طیاروں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔چینی فنکاروں کی جانب سے چینی زبان میں بنائی گئی ویڈیو میں چار فنکاروں کو بھارتی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔چاروں فنکار چینی زبان میں رونا روتے دکھائی دیتے ہیں کہ بھارت نے مر مر کے پیسے جمع کرکے چند رافیل طیارے خریدے تھے، اس میں سے بھی پاکستان نے طیارے گرا کر اربوں روپے کا نقصان دے ڈالا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت نے پاکستان کے 5 مقامات کو میزائل سے نشانہ بنایا تھا۔ جس کے جواب میں پاکستانی ایئرفورس کے شاہینوں نے 5 بھارتی جہاز مار گرائے تھے، جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے، جس کی تصدیق ترجمان پاک فوج نے بھی کی تھی۔
