پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی فتح

پاکستان جنوبی افریقہ کو ایک اہم میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا ہے . قومی ٹیم نے ون ڈے کرکٹ کا اپنا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کرلیا۔کراچی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 353 رنز کا بڑا ہدف دیا تو بظاہر یہ بہت مشکل اور ناممکن دکھائی دے رہا تھا.مگر جس بردباری اور تدبر سے محمد رضوان اور سلمان آغا نے پاکستان کو سہارا دیا کہ پہاڑ چیسا نظر آنے والا ہدف بھی آسان ہو گیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی کی 3 وکٹیں 91 رنز پر گرنے کے بعد سب نے امید چھوڑ دی تھی تاہم ایسے میں ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان نے ذمہ داری اٹھائی اور ریکارڈ ساز اننگز کھیل کر ایک نئی تاریخ رقم کردی۔محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے چوتھی وکٹ کے لیے 260 رنز کی شراکت قائم کرکے محمد یوسف اور شعیب ملک کا 206 رنز کی شراکت کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔محمد رضوان اور سلمان آغا کی سینچریوں کی بدولت پاکستان اس میچ میں فاتح بن کر ابھرا۔ سلمان آغا نے 103 گیندوں پر 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ محمد رضوان نے 128 گیندوں کا سامنا کیا اور 122 رنز بنائے۔ پاکستان نے ایک اوور پہلے ہی 353 کا ہدف 355 رنز بنا کر حاصل کیا۔پاکستان نے اس سے پہلے 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 349 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا جب کہ 2023 میں سری لنکا کے خلاف 345، 2023 میں ہی نیوزی لینڈ کے خلاف 337 اور 2014 میں بنگلہ دیش کے خلاف 327 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔آج کے میچ میں مجموعی طور پر 707 رنز بنے جو ابھی تک دونوں ٹیم کے درمیان سب سے زیادہ میچ سکور ہے۔

Pakistan’s historic victory against South Africa

اپنا تبصرہ لکھیں