پاکستان کی دو سرجڑی بہنوں کو ترکیہ میں کامیاب آپریشن کے بعد علیحدہ کردیا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جڑواں بہنوں منال اور مرہا کا تعلق لاہور سے ہے اور ان کی عمر 11 ماہ ہے۔
بچیوں کے والدین کی اپیل پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے بچیوں کا علاج ترکی میں کرنے کی ہدایت کی تھی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بچیوں کو علیحدہ کرنے کے لیے 2 آپریشن کیے گئے، 19 جولائی کو ہونے والا دوسرا آپریشن 14 گھنٹے جاری رہا۔ جڑواں بہنوں کو علیحدہ کرنے کے پورے عمل میں ڈاکٹروں اور طبی عملے سمیت 60 افراد کی ٹیم نے حصہ لیا۔
بچیوں کے والدین نے کامیاب آپریشن پر ترک صدر ایردوان، طبی عملے اور بچیوں کے علاج میں شامل تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔