اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات ہوئی ہے، جہاں اسپیکر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں خیر مقدم کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات میں کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔
گفتگو کے دوران ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، اسلامی تعلیمات امن، رواداری اور محبت کا پیغام دیتی ہیں، امت مسلمہ کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔
پاکستان میں اقلیتوں کو انکے حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا حل اتحاد بین المسلمین اوریکجہتی میں مضمرہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سے گفتگو میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مزید کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے۔ انہوں نے اتحاد بین المسلمین کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایوان کا دورہ بھی کیا۔
خیال رہے معروف اسلامی اسکالر اور مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کل کراچی پہنچیں گے۔
جہاں ان کے لیے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی سیکیورٹی ایس ایس یو کے حوالے کر دی گئی۔
2 اکتوبر کی دوپہر کراچی ایئر پورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ڈاکٹر ذاکر نائیک کا استقبال کریں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک سے مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب الرحمان کی ملاقاتیں طے ہیں، اس کے علاوہ جامعۃ الرشید کے سربراہ مفتی عبدالرحیم اور دیگر شخصیات بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ ان کی سندھ کے سینئر بیوروکریٹس اور دیگر کی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک 4 اکتوبر کو اہم سرکاری ادارے کا دورہ کریں گے اور 5 اکتوبر کو مزار قائد پر تقریب سے خطاب کریں گے۔
ڈاکٹر ذاکر کی 7 سے 10 اکتوبر تک نجی ملاقاتیں طے ہیں، جس کے بعد 11 اکتوبر کی صبح ڈاکٹر ذاکر نائیک کراچی سے لاہور روانہ ہو جائیں گے۔