شہروز کاشف آٹھ ہزار میٹر سے بلند تمام چودہ چوٹیاں سر کرنیوالے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما بن گئے.شہروز کاشف سرباز خان کے بعد دوسرے پاکستانی ہیں جنہوں نے تمام چودہ بلند ترین چوٹیاں سر کی ہیں براڈ بوائے کے نام سے مشہور شہروزکاشف نے شیشاپنگما کی چوٹی سرکرلی ۔ شہروز کاشف کا ایٹ تھائوزنڈر سر کرنے کا سفر دوہزار انیس میں شروع ہوا، جب انہوں نے صرف سترہ سال کی عمر میں آٹھ ہزار سینتالیس میٹر بلند براڈ پیک کو سر کیا، یہ ایک شاندار شروعات تھی جو انہیں بین الاقوامی سطح پر مشہور کرگئی۔ سال دوہزار اکیس میں ماونٹ ایورسٹ، مناسلو اور کے ٹو کی چوٹیوں کو سرکیا جبکہ دوہزار بائیس میں شہروز کاشف نے کین چنجونگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، گیشر برم ون اور گیشر برم ٹو کی چوٹیوں پر پہنچ کر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔شہروز کاشف کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رہااور گزشتہ سال انہوں نے اناپورنا، داولاگیری اور چو ایو کی چوٹیوں کو سر کیا شہروز کاشف نے اپنی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ حاصل کرنا ان کیلئے آسان نہیں تھا۔ اب جبکہ میں یہاں کھڑا ہوں، مجھے احساس ہوا کہ یہ کامیابی صرف پہاڑوں کو سر کرنے کی نہیں بلکہ یہ خوف، شک اور حدود پر قابو پانے کے بارے میں ہے، میرے لئے یہ کسی معجزے سے کم نہیں۔