پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو ایک بار پھر پاکستان اسپورٹس بورڈ سے این او سی کے حصول میں مسائل کا سامنا ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ( پی ایس بی) نے ساف انڈر 17 چیمپئن شپ کے لیے این او سی جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے پی ایف ایف کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکمل دستاویزات کے ساتھ دوبارہ درخواست جمع کرائیں۔
ذرائع کے مطابق پی ایف ایف نے 22 اگست کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کو خط لکھ کر این او سی کے لیے درخواست کی تھی۔
پی ایس بی نے اپنی ای میل میں واضح کیا کہ صرف چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی کے دستخط کو ہی تسلیم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس بی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو کہا ہے کہ وہ دوبارہ مکمل دستاویزات جمع کرائیں۔
یاد رہے کہ ساف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 20 ستمبر سے بھوٹان میں کھیلی جانی ہے، اور اس ایونٹ کی تیاری کے لیے پاکستان انڈر 17 فٹبال ٹیم کا کیمپ ایبٹ آباد میں جاری ہے۔