چین میں لاکھوں لوگوں کو ہفتے اور اتوار کے دن تیز ہواؤں کے خطرے کے پیش نظر گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت جاری کی ہے.عالمی زرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ کے مطابق، ان ہواؤں کی شدت اتنی زیادہ ہو سکتی ہے کہ وہ 50 کلوگرام سے کم وزن والے افراد کو آسانی سے ہوا میں اڑا سکتی ہیں۔سرکاری ذرائع ابلاغ نے بھی اس حوالے سے خبردار کیا ہے کہ کم وزن والے افراد کے لیے یہ صورتحال خاص طور پر خطرناک ہو سکتی ہے۔یہ طوفانی ہوائیں بیجنگ، تیانجن اور صوبہ ہیبی کے دیگر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہیں، جن کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہفتے کے روز جب یہ طوفانی ہوائیں اپنے عروج پر ہوں گی، بیجنگ میں درجہ حرارت صرف 24 گھنٹوں میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔بیجنگ کی موسمیاتی سروس نے ان ہواؤں کو غیر معمولی طور پر خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہوائیں نہ صرف انتہائی تیز ہیں بلکہ طویل عرصے تک جاری رہ سکتی ہیں اور وسیع علاقوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ان کی تباہ کن صلاحیت کو دیکھتے ہوئے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔