چین کی وزارت تجارت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تمام چینی مصنوعات پر 10 فیصد محصولات عائد کرنے پر ردِ عمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ وہ امریکہ کے خلاف ڈبلیو ٹی او میں اس کے غلط عمل کے خلاف مقدمہ دائر کرے گا اوراپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے جوابی اقدامات کرے گا۔چین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اس سے سخت عدم اطمینان کا شکار ہے اور اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے یہ ڈبلیو ٹی او کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔چین کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنی غلط سوچ کو درست کرے اور اس مسئلے کا سامنا کرنے کے لیے چینی فریق کے ساتھ مل کر کام کرے اور کھل کر بات چیت کرے تعاون کو مضبوط بنائے اور مساوات باہمی فائدے اور باہمی احترام کی بنیاد پر اختلافات کو حل کرے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر نے کینیڈا اور میکسیکو سے درآمدات پر 25 فیصد اور چین سے درآمدات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف لاگو کردئیے ہیں۔ جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔