کراچی میں بارش کے پانی کو جمع کر کے دوبارہ قابل استعمال بنانے اور زیر زمین پانی کے ٹی ڈی ایس لیول کو بہتر کرنے کے لیے بلدیہ کراچی نے مختلف مقامات پر کنویں تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کردیا ہے کے ایم سی نے برنس گارڈن میں 1927 میں تعمیر کیے گئے 4 پرانے کنویں دوبارہ فعال کیے تھے جن میں بارش کا پانی جمع ہو رہا ہے یہ پانی پارکوں اور باغیچوں میں استعمال کیا جا رہا ہے اس کے ساتھ ہی ایک نیا ٹینک بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں ایک لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ کراچی میں کے ایم سی کے علاوہ 25 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز بھی اس منصوبے پر عمل پیرا ہیں شہر کی انتظامیہ نے ایک بڑے منصوبے پر بھی غور کیا ہے جس کے تحت کراچی کے ساتوں اضلاع میں فی ضلع ایک ہزار کنویں تعمیر کرنے کی تجویز ہے اس منصوبے کی تکمیل پر شہر میں مجموعی طور پر 7 ہزار کنویں ہوں گے جن میں ہر کنویں کی گنجائش تقریباً 20 لاکھ گیلن ہوگی۔ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبہ مستقل بنیادوں پر آگے بڑھایا گیا تو کراچی میں پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے شہریوں کو بھی اپنی سطح پر چھوٹے پیمانے پر ایسے کنویں بنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے تاکہ بارش کا قیمتی پانی ضائع نہ ہو۔حکام کے مطابق یہ اقدام شہر میں بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے اور زمین میں واپس پہنچانے کے لیے نہایت اہم ہے۔
