کراچی میں منگل کے دن طوفانی بارش کے دوران 2 بھائیوں کے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے کا مقدمہ تھانہ شاہ فیصل کالونی میں سی ای او کے الیکٹرک اور دیگر حکام کے خلاف درج کرلیا گیا نیو کراچی شفیق موڑ کے قریب کھمبے سے بچے کو کرنٹ لگنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موقع پر موجود لوگوں نے لکڑی کی مدد سے 10 سالہ بچے کو کھمبے سے ہٹا کر تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا۔ جہاں طبی امداد کے بعد بچے کو گھر روانہ کردیا گیا۔اسی طرح گلستان جوہر میں 2 روز قبل کرنٹ لگنے سے موٹرسائیکل سوار کے جاں بحق ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے. 2 بھائیوں کے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے کا واقعہ ناتھا خان گوٹھ میں منگل کے روز پیش آیا. مرنے والے بھائیوں کی شناخت 21 سالہ مراد اور 16 سالہ سراج کے نام سے ہوئی۔ مدعی والد کے مطابق چھوٹا بیٹا سراج دکان سے سودا لینے نکلا تھا بچے کو کے الیکڑک کے کھمبے سے کرنٹ لگا علاقہ مکینوں نے اطلاع دی تو بڑا بیٹا بھائی کو بچانے گیا تو اسے بھی کرنٹ لگ گیا۔ چھوٹا بیٹا سراج موقع پر جب کہ ٹریفک جام کے باعث بڑا بیٹا مراد اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ دونوں کے والد سلطان کی مدعیت میں تھانہ شاہ فیصل کالونی میں درج کر لیا مقدمے میں قتل خطاء کی دفعہ شامل کی گئی ہے۔دوسری جانب کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں 2 روز قبل موٹر سائیکل سوار نوجوان کی کرنٹ لگنے سے موت کا انکشاف ہوا ہے. ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ واقعہ اسٹریٹ لائٹ کے پول کے باعث پیش آیا جو کے الیکٹرک کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
