پولیس کے اینٹی وہیکلز لفٹنگ سیل نے ایک حاضر سروس پولیس اہلکار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو کراچی کے پوش علاقوں سے لگژری گاڑیاں چوری کرنے والے گینگ کا مبینہ سرغنہ ہے .ملزم سے گاڑی اور سرکاری اسلحہ و منشیات برآمد کرلی گئیں۔اے وی ایل سی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بشیر احمد بروہی نے بتایا کہ ایک ٹیلی ویژن اداکارہ کی چوری شدہ ایس یو وی اور فیروز آباد سے چھینی گئی دوسری کار کے علاوہ سرکاری ہتھیار اور منشیات برآمد کی گئی۔ایس ایس پی بشیر احمد بروہی نے انکشاف کیا کہ پولیس اہلکارملزم رانا کاشف فارن سیکیورٹی سیل میں تعینات تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے پوش علاقوں سے دو درجن سے زائد گاڑیاں چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔بشیر احمد بروہی نے مزید کہا کہ چوری شدہ گاڑیاں بلوچستان میں فروخت کے لیے بھیجی جا رہی تھیں۔ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ 26 جون 2024 کو کورنگی میں دارالسلام سوسائٹی سے مبینہ طور پر ٹویوٹا فارچیونر ایس یو وی چوری کی جبکہ گینگ نے مبینہ طور پر 7 اکتوبر 2024 کو بخاری کمرشل ڈی ایچ اے سے ایک اور ٹویوٹا فارچیونر چھینی تھی، انہوں نے بتایا کہ ایک مقابلے کے بعد کوئٹہ پولیس نے گینگ کے ایک مشتبہ رکن کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے گاڑی برآمد کی گئی .ایس ایس پی اے وی ایل سی نے بتایا کہ ابھی حال ہی میں اس گروہ نے مبینہ طور پر 6 فروری کو خیابانِ محفوظ سے ایک اداکارہ کی ٹویوٹا فارچیونر چوری کی، جسے برآمد کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی بشیر احمد بروہی نے بتایا کہ ان تین گاڑیوں کے علاوہ ملزم نے 2 درجن سے زائد لگژری کاروں کی چوری کرنے کا انکشاف کیا۔ان کا کہنا تھا کہ فیروز آباد میں گزشتہ سال گن پوائنٹ پر چھینی گئی ایک سوزوکی آلٹو بھی برآمد کر لی گئی۔