مشہور گلوکارہ نصیبو لال پر تشدد کا معاملہ صلح نامے کے بعد ختم ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں معروف گلوکارہ نصیبو لال کو شوہر نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا گلوکارہ نے تھانے میں شکایت درج کرائی تاہم بعد میں پولیس کو کارروائی سے روک دیا اور معاملے کو معمولی جھگڑا قرار دیتے ہوئے شوہر سے صلح کرلی واضح رہے کہ گلوکارہ نصیبو لال نے شوہر نوید حسین کے خلاف تشدد اور مار پیٹ کا مقدمہ تھانہ شاہدرہ ٹاؤن لاہور میں درج کر وایا تھا۔ایف آئی آرکے مطابق گلوکارہ کا کہنا تھا کہ گھر کے صحن میں بیٹھی ہوئی تھی اور اسی دوران میرا خاوند نوید حسین گھر آیا۔نصیبو لال کی جانب سے مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ خاوند نے آتے گالم گلوچ کیا، اورقریب پڑی ہوئی اینٹ اٹھا کر چہرے پرمار دی۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ اینٹ لگنے سے چہرے کی بائیں سائیڈ اور ناک پر شدید چوٹ آئی ہے۔ خاوند اکثر اوقات مجھ سے لڑائی جھگڑا کرتا ہے۔تفتیشی ٹیم نے نوید کیخلاف کارروائی شروع کی تو نصیبو لال نے پولیس کو روک دیا اور معاملے کو گھریلو جھگڑا قرار دیتے ہوئے اپنے شوہر کو معاف کردیا پولیس کو جمع کرائے گئے بیان حلفی کے مطابق نصیبو لال کا کہنا تھا نوید کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرانا چاہتی، میڈیکل کی ضرورت نہیں، لہٰذا مقدمہ خارج کیا جائے۔گلوکارہ کے بھائی شاہد لال نے بتایا کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان صلح ہوگئی ہے اور بہنوئی نے آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔لاہور کی انویسٹی گیشن پولیس نے مدعی کی درخواست موصول ہونے کے بعد مقدمے کو نمٹا دیا۔ 