سوشل میڈیا پر جہاں ہاردک پانڈیا کی شاندار بولنگ کا چرچا ہے وہیں ان کی گھڑی زیادہ موضوع بحث ہے جو انہوں نے میچ کے دوران پہن رکھی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث بھارتی کھلاڑی کی شاندار پرفارمنس کے حوالے سے نہیں بلکہ ان کی مہنگی گھڑی کے حوالے سے ہو رہی ہے جو انہوں نے میچ کے دوران پہن رکھی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق مہنگی گھڑیوں کے شوقین پانڈیا نے پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سوئس کمپنی رچرڈ ملے کی مہنگی گھڑی پہن رکھی تھی۔ خیال رہےکہ رچرڈ ملے ایک سوئس واچ برانڈ ہے جوکہ مہنگی ترین اور خاص ڈیزائنز والی گھڑیوں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کے بعد، پانڈیا کی کلائی پر پہنی گئی رچرڈ ملی آر ایم 27-02 گھڑی نے خاص توجہ حاصل کی۔ یہ گھڑی ایک نادر اور محدود ایڈیشن ہے جس کی قیمت آٹھ لاکھ امریکی ڈالر ہے جو پاکستانی 22 کروڑ 58 لاکھ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے.یہ گھڑی ٹینس لیجنڈ رافیل نڈال کے لیے ڈیزائن کی گئی تھی ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہاردک پانڈیا کی پہنی گئی گھڑی نایاب ہے جس کے صرف 50 سیٹ ہی بنائے گئے ہیں۔ یہ گھڑی خوبصورتی، پائیداری اور انجینئرنگ کا کمال ہے جسےکرسٹینا رونالڈو، رافیل نڈال اور ویرات کوہلی جیسے اسٹار کھلاڑی بھی پہنتے ہیں۔ اور اس کی جدید کاربن اور کوارٹج فائبر کی ساخت، اینٹی چکاچوند نیلم کرسٹل اور جھٹکوں کے خلاف مزاحمت اسے دنیا کی سب سے پائیدار گھڑیوں میں سے ایک بناتی ہے۔ہاردک پانڈیا کا اعلیٰ درجے کی گھڑیوں کا شوق طویل عرصے سے ان کے فینز اور میڈیا کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ ان کے گھڑیوں کے مجموعے میں دنیا کی چند نایاب اور مہنگی ترین گھڑیاں شامل ہیں، جو انہیں گھڑیوں کے شوقین افراد کی صفِ اول میں جگہ دیتی ہیں۔