اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ چاند کو چھوڑ کر سیدھے مریخ پر جانے کے خواہشمند ہیں۔ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں ایلون مسک نے کہا ہے کہ ہم سیدھے مریخ پر جائیں گے، چاند ہمارا دھیان بھٹکا رہا ہے۔پوسٹ میں کہا گیا کہ مجموعی طور پر مریخ کے مدار کے مشنز پر بھیجے جانے والے اسٹار شپ کا 69 فیصد وزن سیال آکسیجن پر مبنی ہوگا جبکہ چاند کے مشنز پر آکسیجن کی مقدار 40 فیصد ہوگی جس سے وہاں کا سفر زیادہ سستا ثابت ہوگا۔ایلون مسک نے ستمبر 2024 میں کہا تھا کہ اسپیس ایکس کی جانب سے اولین اسٹار شپ مشنز کو 2026 میں مریخ کی جانب روانہ کیا جائے گا۔ان مشنز پر کوئی انسان سوار نہیں ہوگا اور اگر وہ کامیاب ثابت ہوئے تو پھر وہ 2028 میں خلا بازوں کو مریخ پر بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگر راکٹس کامیابی سے لینڈ کرگئے تو پھر 4 برسوں میں انسان بردار مشنز وہاں بھیجے جائیں گے، اگر چیلنجز کا سامنا ہوا تو پھر خلا بازوں کو بھیجنے میں مزید 2 سال کی تاخیر ہوسکتی ہے۔ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ چاند کو چھوڑ کر سیدھے مریخ پر جانے کے خواہشمند ہیں۔ایلون مسک کے مطابق لینڈنگ میں کامیابی ملے یا نہ ملے اسپیس ایکس کی جانب سے ہر 2 سال بعد مریخ پر زیادہ سے زیادہ اسپیس شپ بھیجے جائیں گے۔