دنیا کے پہلے الیکٹرک طیارے کی کامیاب اُڑان

دنیا کے سب سے بڑے بیٹری سے چلنے والے الیکٹرک طیارے نے پہلی مرتبہ کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کرلی جسے ماحول دوست ہوابازی کی صنعت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔امریکا میں کام کرنے والی سویڈن کمپنی ہارٹ ایرو اسپیس نے 12 اگست 2026 کو نیویارک کے پلاٹس برگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اپنے مکمل جسامت والے ایکس ون طیارے کو پہلی بار فضا میں اڑایا۔اس آزمائشی پرواز کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ طیارے نے تقریباً 5 ڈالر کی بجلی استعمال کی۔ تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ صرف اس پرواز میں استعمال ہونے والی بجلی کی لاگت ہے۔ اس میں پائلٹ، ایئرپورٹ فیس، انشورنس، بیٹری کی قیمت یا طیارے کے دیگر اخراجات شامل نہیں ہیں۔کمپنی کے مطابق طیارہ تقریباً 27 منٹ تک فضا میں رہا اور اس دوران 335 میٹر یعنی تقریباً 1100 فٹ کی بلندی تک پہنچا۔ 11 ٹن سے زیادہ وزن رکھنے والے اس طیارے میں بیٹری سے چلنے والے چار برقی موٹرز نصب ہیں جو ایک میگاواٹ سے زیادہ طاقت پیدا کرتی ہیں۔ہارٹ ایرو اسپیس کا اصل ہدف 30 نشستوں والا ای ایس-30 علاقائی طیارہ تیار کرنا ہے۔ کمپنی کے منصوبے کے مطابق ای ایس-30 تقریباً 200 کلومیٹر تک مکمل طور پر بجلی سے پرواز کر سکے گا، جبکہ ہائبرڈ نظام کے ذریعے اس کی پرواز کی حد 800 کلومیٹر تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ایکس ون دراصل مسافروں کو لے جانے کے لیے تیار کیا جانے والا حتمی طیارہ نہیں بلکہ ایک تجرباتی طیارہ ہے۔ اسے اس لیے بنایا گیا ہے تاکہ کمپنی بیٹری، برقی موٹرز، طیارے کے دیگر نظام اور تیاری کے طریقوں کو حقیقی پرواز میں جانچ سکے۔کمپنی کے مطابق ای ایس-30 کو خاص طور پر مختصر فاصلے کے سفر اور چھوٹے شہروں کو آپس میں ملانے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد ایسے روٹس پر روایتی ایندھن سے چلنے والے طیاروں کا متبادل فراہم کرنا ہے جہاں کم فاصلے کی پروازیں ہوتی ہیں۔کمپنی اپنے منصوبے کے مطابق کامیاب ہوتی ہے تو مستقبل میں مختصر فاصلے کے فضائی سفر کے لیے ایسے طیارے سامنے آ سکتے ہیں جو روایتی ایندھن کے بجائے بجلی استعمال کریں گے اور فضائی آلودگی میں کمی کا باعث بنیں گے۔ماہرین کے لیے اس پیش رفت کی اہمیت اس بات میں ہے کہ پہلی بار 11 ٹن سے زیادہ وزن رکھنے والا اور 32 میٹر پروں کے پھیلاؤ والا بیٹری سے چلنے والا طیارہ مکمل جسامت میں فضا میں گیا ہے۔ اس پرواز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا مستقبل کے برقی اور ہائبرڈ طیاروں کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں