یوٹیوب کا ویوز گننے کے نظام میں بڑی تبدیلی کا اعلان

یوٹیوب نے اپنے صارفین اور ویڈیو بنانے والے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے ویوز گننے کے طریقہ کار میں ایک اہم اور بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔اس نئے نظام کا باقاعدہ اطلاق 24 اگست 2026 سے عالمی سطح پر کر دیا جائے گا.یوٹیوب کے مطابق پہلے شارٹس اور طویل ویڈیوز کے لیے ویوز کا حساب الگ الگ طریقوں سے لگایا جاتا تھا، لیکن اب پلیٹ فارم پر یکسانیت لانے کے لیے تمام اقسام کی ویڈیوز کے لیے ایک ہی معیار مقرر کیا جا رہا ہے۔اس نئے فیصلے کے تحت جیسے ہی کوئی ویڈیو چلنا شروع ہوگی اور اس کا پہلا فریم سامنے آئے گا، اسی لمحے اس کا ایک ویو شمار کر لیا جائے گا۔یوٹیوب نے وضاحت کی ہے کہ اس نئی تبدیلی کے باعث ویڈیو بنانے والوں کی کُل ویوز کی تعداد پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بڑھتی ہوئی نظر آئے گی۔کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماضی میں مختلف فارمیٹس کے لیے الگ الگ سسٹمز کی وجہ سے کانٹینٹ کریئیٹرز کو اکثر الجھن کا سامنا رہتا تھا اور ان کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آ رہا تھا کہ اس الجھن کو ختم کر کے ایک ایسا طریقہ اپنایا جائے جس سے ان کی ویڈیو کی اصل پہنچ اور نمائش کا درست اندازہ ہو سکے۔اس فیصلے سے ویڈیو بنانے والوں کی آمدنی یا یوٹیوب پارٹنر پروگرام کی اہلیت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کریئیٹرز کی کمائی پہلے کی طرح انگیجڈ ویوز اور واچ آورز کی بنیاد پر ہی ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں