مشکوک گاڑیاں خاندان کا پیچھا کررہی ہیں ۔مقتول میر رضا کی بہن کا انکشاف

میر رضا قتل کیس میں مقتول کی بہن نے اپنے ویڈیو بیان میں کچھ مشکوک معاملات کا انکشاف کیا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ مشکوک گاڑیوں کی جانب سے خاندان کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔انہوں نےبتایا کہ ہماری درخواست پر ہمیں ایک اہلکار کی سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی تاہم ہمیں بتائے بغیر یہ سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔میر رضا کی بہن نے بتایا کہ ہماری گلی کے قریب ایک مشکوک گاڑی پیچھا کرتی ہوئی آئی تاہم ان کے والد نے دوسری گلی سے گاڑی نکال لی۔ ان کی والدہ بالکنی میں انتظار کررہی تھیں اور انہوں نے بھی مذکورہ گاڑی کو پیچھے آتے دیکھا۔انہوں نے مزیدبتایا کہ جب وہ گھر کے قریب پہنچے تو 2 گاڑیاں ان کا پیچھا کررہی تھیں۔ بعد ازاں ان کے والد نے پولیس کو فون کیا جس کے بعد پولیس کی موبائل موقع پر پہنچ گئی۔دریں اثناء تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے میر رضا کا پہلا پوسٹ مارٹم کرنے والے ایم ایل او ڈاکٹر اسامہ شیخ سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے اور ان کا موبائل فون بھی فارنزک جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید سے بھی مدد لی۔ ڈاکٹر سمعیہ سید نے میر رضا کی پوسٹ مارٹم رپورٹس میں استعمال ہونے والی طبی اصطلاحات کے حوالے سے تفتیشی ٹیم کو بریفنگ دی ہے۔نوجوان تاجر میر رضا کے قتل سے متعلق کیس کی مختلف زاویوں سے تحقیقات تاحال جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی عامر فاروقی نے میر رضا کے آخری لمحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرنے پر غور کا عندیہ دیا تھا، تاہم فی الحال یہ ویڈیو سامنے نہیں آسکی۔تفتیشی ذرائع نے مزید بتایا کہ میر رضا کے کاروباری شراکت دار کو بھی شامل تفتیش کیے جانے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں