یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کی شادی ہو گئی

دنیا کے سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوبر اور مسٹر بیسٹ کے نام سے مشہور جمی ڈونلڈسن نے اپنی دیرینہ دوست تھییا بوئسن سے شادی کر لی ہے۔شادی کی یہ تقریب جولائی کے مہینے میں برٹش ورجن آئی لینڈز میں واقع رچرڈ برینسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر منعقد کی گئی۔اس خوشخبری کا اعلان انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شادی کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب کو کافی حد تک اپنوں تک ہی محدود رکھا گیا تھا جس میں صرف 70 کے قریب رشتہ داروں اور خاص دوستوں کو بلایا گیا تھا۔شئیر کی گئی تصویروں کے ساتھ جمی ڈونلڈسن نے لکھا کہ میں نے مسز بیسٹ کو ڈھونڈ لیا اور یہ میری زندگی کا سب سے بہترین دن تھا۔ تصاویر میں دونوں کو سمندر کے کنارے خوشگوار انداز میں پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس اعلان کے سامنے آتے ہی دنیا بھر سے ان کے کروڑوں مداحوں نے انہیں مبارکباد دینا شروع کر دی۔شادی کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تھییا بوئسن نے کہا کہ یہ سننے میں شاید معمولی بات لگے لیکن یہ صرف ایک رسمی کارروائی ہے۔ جب سے ہماری بات چیت شروع ہوئی تھی ہمارا مقصد ایک دوسرے کے ساتھ شادی کرنا ہی تھا۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اب پوری دنیا کو معلوم ہو گیا ہے کہ ہم میاں بیوی ہیں۔ان دونوں کی پہلی ملاقات سال 2022 میں ہوئی تھی جب جمی جنوبی افریقہ کے دورے پر گئے ہوئے تھے۔ وہاں ایک دوست نے ان کی ملاقات تھییا سے کروائی جہاں دونوں کی آپس میں بات چیت شروع ہوئی۔تھییا نے بھی اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب میں پہلی بار جمی سے ملی تو مجھے یہ دیکھ کر بہت حیرت ہوئی کہ وہ کتنے سادہ انسان ہیں۔ مجھے لگتا تھا کہ یوٹیوب کے بڑے سٹار صرف دکھاوا کرتے ہیں، لیکن وہ واقعی ایک بہت اچھے اور عاجز انسان ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں