متحدہ عرب امارات نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بیرون ملک سے آنے والے خاندانوں کے لیے سہولت فراہم کرتے ہوئے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے ٹورسٹ ویزا کی سرکاری فیس محدود مدت کے لیے ختم کردی ہے۔یہ سہولت صرف ان بچوں کے لیے ہے جو اپنے والد یا والدہ یا دونوں کے ساتھ بطور سیاح یو اے ای کا سفر کر رہے ہوں۔ بچوں کی ویزا درخواست والدین کی ٹورسٹ ویزا درخواست کے ساتھ ایک ہی وقت میں جمع کرانا ضروری ہے جبکہ درخواست مقررہ مدت یعنی 15 جولائی سے 15 ستمبر کے درمیان جمع کرائی جائے۔یو اے ای کے اعلان کے مطابق اس سلسلے میں سرکاری ویزا درخواست فیس 15 جولائی سے 15 ستمبر تک معاف کی جاتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد خاندانوں کو یو اے ای میں سیاحت کی طرف راغب کرنا اور سفری اخراجات میں کمی لانا ہے۔ٹریول ایجنٹس کے مطابق یہ رعایت صرف بیرون ملک سے آنے والے سیاح خاندانوں کے لیے ہے۔ اگر کوئی شخص پہلے سے یو اے ای کا رہائشی ہے اور اپنے بچے کے لیے وزٹ ویزا حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔ٹریول ایجنٹس نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بچوں کی ویزا درخواست الگ جمع کرانے کے بجائے اپنی درخواست کے ساتھ ہی جمع کرائیں اور ادائیگی سے پہلے ایجنسی کو واضح طور پر آگاہ کریں کہ وہ موسم گرما کی ویزا فیس معافی کی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔