جاپان میں حالیہ دنوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے جس پر 2 جاپانی کمپنیوں نے شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے انسانی فریج متعارف کرا دیا ہے . ان کمپنیوں نے پرسنل کولنگ باکس تیار کیا ہے تاکہ ہیٹ ویو سے تحفظ فراہم کرے گا .یہ انسانی فریج 15 سینٹی گریڈ درجہ حرارت کو برقرار رکھتا ہے اور زیادہ سے زیادہ 20 منٹ تک چلنے کے بعد خودکار طور پر بند ہو جاتا ہے۔اس کی قیمت 15 لاکھ جاپانی ین رکھی گئی ہے اور لوگ اسٹین لیس اسٹیل سے بنے باکس یا ڈبے کے اندر موجود کرسی پر بیٹھ جاتے ہیں۔ اس انسانی فرج میں طاقتور ٹھنڈی ہوائیں خارج ہوتی ہیں جو سر، گردن، کندھوں اور کمر کا درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کردیتی ہیں جس سے مجموعی جسمانی درجہ حرارت گھٹ جاتا ہے۔84 انچ لمبے اور 47 انچ چوڑے فریج کو ایک گھنٹے تک چلانے پر 16 ین خرچ ہوتے ہیں جبکہ یہ ائیرکنڈیشنر کے مقابلے پر کم بجلی خرچ کرتا ہے۔کمپنی کے مطابق یہ پورٹ ایبل ڈیوائس پورے جسم کو ٹھنڈا کرنے کا کام کرتی ہے اور روایتی ائیر کنڈیشنر کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے جسم کو ٹھنڈا کرتی ہے۔کمپنی نے دعویٰ کیا کہ اس میں بیٹھنے والے فرد کا جسم 5 منٹ کے اندر نمایاں حد تک ٹھنڈک محسوس کرنے لگتا ہے اور اس کے اندر 10 منٹ گزارنے سے ہیٹ ویوز کی علامات کی شدت گھٹ جاتی ہے۔اسے کہیں بھی لے جایا جاسکتا ہے اور ایسی جگہوں پر رکھا جاسکتا ہے جہاں کام کرنے والے افراد کو شدید گرم موسم میں کام کرنا ہوتا ہے۔