دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ نے دنیا کی سب سے طویل 24 قیراط سونے کی گزرگاہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہےجو آئندہ 2 ماہ کے اندر کھولی جائے گی۔دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کے کمرشل سیکٹر کے سینیئر ڈائریکٹر راشد الحرمودی کے مطابق گزرگاہ آئندہ 2 ماہ کے اندر عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔گلف ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ 2026 کے اختتام سے قبل مکمل کیا جائے گا اور دبئی کے سیاحتی تجربات کی فہرست میں ایک نئے پرکشش اضافے کی حیثیت رکھتا ہے۔ راشد الحرمودی کے مطابق اس منصوبے کا مقصدسیاحوں کو منفرد تجربہ فراہم کرنا ہے جبکہ اس کے ذریعے دبئی کی عالمی سطح پر سونے کی تجارت اور سیاحت کے مرکز کی حیثیت مزید مضبوط ہو گی۔دیرہ میں واقع اس ڈسٹرکٹ کا آغاز جنوری 2026 میں ہوا تھا۔ یہاں سونا، جیولری، بلین، ہول سیل تجارت اور سرمایہ کاری سے وابستہ کاروبار یکجا ہیں۔مجوزہ گزرگاہ دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کے وسیع تر منصوبوں کا حصہ ہے، جن کا مقصد سونے کی تجارت، جیولری ریٹیل اور سیاحتی تجربات کو ایک ہی مقام پر یکجا کرنا ہے۔ ڈسٹرکٹ میں 1000 سے زیادہ تاجر موجود ہیں، جن کا تعلق سونا، جیولری، پرفیومری، کاسمیٹکس اور لائف اسٹائل مصنوعات سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔