تحریک انصاف کی حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے بانی سربراہ عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے بعد عدالتِ عظمیٰ میں دائر اس درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے ذمہ داران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے اور بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے فوری طور پر دوبارہ شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر کی تعیناتی یا لوکل کمیشن مقرر کیا جائے۔پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجا اور عزیر بھنڈاری کی دائر کردہ درخواست میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکمنامے کی مبینہ خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔توہین عدالت کی درخواست میں وزیراعظم کو بھی فریق بنادیاگیا،اس کے علاوہ وفاقی وزیرقانون اور وزیراطلاعات،چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی فریق بنایا گیا.خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو طبی معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم حکومت کی جانب سے عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا اور ان کا مکمل طبی معائنہ کرایا گیا جس کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جواب دہندگان کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں