جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کو جیل میں سہولیات نہ ملنے کے خلاف درخواست جیل حکام کی وضاحت کے بعد نمٹادی۔جیل حکام نے عدالت میں سماعت کے دوران مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزمہ منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کو قابلِ اعتراض کپڑے پہننے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ویمن جیل سپرنٹنڈنٹ نے جواب دیا ملزمہ نارمل کپڑے منگوا کر پہن سکتی ہے ہمیں اعتراض نہیں۔ویمن جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کا سول اسپتال سے علاج چل رہا ہے سول اسپتال کے ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ویمن جیل حکام کے مؤقف کے بعد عدالت نے ملزمہ انمول کی درخواست نمٹا دی۔ دریں اثناء جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر دی۔سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ چھ مقدمات میں چالان اور گواہوں کے بیانات کی نقول جیل میں موجود ملزمہ کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ عدالتی احکامات پر عملے نے یہ دستاویزات خود ملزمہ تک پہنچائیں۔عدالت نے تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد ملزمہ کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لیے 25 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی جبکہ مقدمات کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی گئی۔