دبئی سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 212 آپریشنل تاخیر اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث ہنگامہ آرائی کا شکار ہو گئی جس کے باعث پرواز منسوخ کردی گئی ہنگامہ آرائی کے دوران کھڑکی ٹوٹنے سے طیارہ گراؤڈ کردیا گیا ذرائع کے مطابق گزشتہ رات خطے کی صورتحال کے پیش نظر دبئی ایئرپورٹ حکام نے تمام پروازوں کی روانگی کے درمیان 10، 10 منٹ کا وقفہ رکھنا شروع کیا جس کے باعث پرواز پی کے 212 روانگی کے لیے تیار ہونے کے باوجود تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔تاخیر کے سبب کچھ مسافروں نے بد نظمی پیدا کرتے ہوئے کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔ عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں روک دیا تاہم ایک مشتعل مسافر نے طیارے کی کھڑکی بھی توڑ دی۔صورتحال کشیدہ ہونے پر دبئی سیکیورٹی حکام کو طلب کیا گیا جنہوں نے ہنگامہ آرائی میں ملوث مسافروں کو حراست میں لے لیا۔ جبکہ طیارے کو مرمت کے لئے گراؤنڈ کر دیا گیا اور مسافروں اور عملے کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے جنہیں دوسری پرواز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا