نمبر کی جگہ نام . واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف کروانے کا اعلان

میٹا کی ملکیت مقبول پیغام رسانی کے پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران صارفین کو فون نمبر ظاہر کیے بغیر ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔واٹس ایپ کی جانب سے جاری تفصیل کے مطابق اب صارفین کو ایپ کے ذریعے اپنی فیملی، دوستوں یا کسی سے بھی شخص سے رابطہ کرنے کے لیے اپنا فون نمبر بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔میٹا کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ فون نمبرز تک رسائی کو محدود کرنے کا مطلب یہ ہوگا کہ واٹس ایپ کے کسی گروپ کو جوائن کرنے یا کسی شخص یا ادارے کو پہلی بار میسج کرنے جیسے معاملات میں کسی بھی صارف کا نمبر دیگر صارفین کے ساتھ خود بخود شیئر نہیں ہو گا۔ واٹس ایپ کے نئے یوزر نیم فیچر کی مدد سے اب صارفین اپنا فون نمبر محفوظ رکھنے کے لیے منفرد یوزر نیم منتخب کرسکیں گے۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ جب یوزر نیم فیچر کی مدد سے آپ ایک باریوزر نیم کا انتخاب کرلیں گے تو پھر جو کوئی بھی واٹس ایپ پر رابطہ کرنا چاہے اسے آپ کا صحیح یوزر نیم معلوم ہونا ضروری ہے۔میٹا نے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ دنیا بھر میں واٹس ایپ کے تقریباً 3 ارب صارفین موجود ہیں اس لیے ممکن ہے کہ صارفین کو اپنی پسند کا یوزر نیم نہ مل سکے۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ معروف شخصیات اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے نام عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے تاکہ جعل سازی اور دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں