امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر جوبائیڈن کی جانب سے آخری لمحات میں اپنے اہل خانہ سمیت دیگر افراد کو دی جانے والی معافیوں کو کالعدم قرار دے دیا .ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا جوبائیڈن نے سیاسی ٹھگوں کی کمیٹی سمیت دیگر افراد کو جو معافی دی تھی وہ کالعدم اور مزید قابل عمل نہیں ہیں کیوں کہ انہوں نے ان پر آٹو پین سے دستخط کیے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ بائیڈن نے کاغذات پر دستخط نہیں کیے اور وہ ان کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے۔بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرے خیال میں بائیڈن کی معافی آٹوپین کی وجہ سے کالعدم ہے۔ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہیریٹیج فاؤنڈیشن کی ایک ذیلی تنظیم کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جوبائیڈن نے عہدہ چھوڑنے سے قبل معافی پر دستخط کرنے کے لیے آٹوپین کا استعمال کیا تھا۔تاہم بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ آیا سابق صدر نے معافی کے لیے آٹوپین کا استعمال کیا تھا . واضح رہے کہ سابق صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں اپنے آخری گھنٹوں میں اپنے اہل خانہ، متعدد عہدیداروں اور خاندان کے قریبی افراد کو بھی قبل از وقت معافی دے دی تھی۔ سابق صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں اپنے آخری گھنٹوں میں ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے سیاسی دشمنوں اور ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کو بھی معاف کردیا تھا