کینیڈا کے نومنتخب وزیرِاعظم نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر دیا

کینیڈا کے نو منتخب وزیراعظم مارک کارنی نے پارلیمنٹ تحلیل کرتے ہوئے ملک میں قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینیڈا کے نئے وزیرِاعظم مارک کارنی نے 28 اپریل کو ملک میں قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تاکہ اپنی حکومت کو مضبوط مینڈیٹ فراہم کیا جا سکے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مطابق کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ ٹرمپ ہمیں توڑنا چاہتے ہیں تاکہ امریکا ہمیں اپنے قبضے میں لے سکے اور ان دھمکیوں کا جواب دینے کے لیے بھرپور مینڈیٹ کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا کہ میں نے گورنر جنرل سے درخواست کی ہے کہ پارلیمنٹ کو تحلیل کریں اور 28 اپریل کے انتخابات کا اعلان کریں۔ کینیڈا کے ریاستی سربراہ اور کنگ چارلس کے نمائندے نے وزیراعظم کارنی کی جانب سے نئے انتخابات کے لیے بھیجی گئی درخواست کو منظور کرلیا ہے۔ کینیڈا میں عام انتخابات 20 اکتوبر کو متوقع تھے لیکن مارک کارنی جو صرف دو ہفتے قبل لبرل پارٹی کے سربراہ منتخب ہوئے ہیں، اپنی جماعت کی حالیہ مقبولیت کو دیکھتے ہوئے عوام سے براہِ راست حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔کینیڈین وزیراعظم نے متوسط طبقے کے ٹیکس میں کٹوتی کی تجویز دی اور کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ ہمیں توڑناچاہتے ہیں تاکہ وہ ہم پرحکمرانی کرسکیں، ٹرمپ کے غیر منصفانہ ٹیرف اور تجارتی اقدامات کی وجہ سے ہم بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔کینیڈا کے انتخابات میں لبرل پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کے مابین 343 نشستوں پر کانٹےکا مقابلہ متوقع ہے .

Canada’s newly elected prime minister announces early elections

اپنا تبصرہ لکھیں