امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند غیر ملکی طلبہ کے لیے ویزا لینا مزید مشکل ہونے والا ہے کیونکہ امریکی حکومت نے اسٹوڈنٹ اور دیگر اقسام کے ویزوں کے لیے سخت اسکریننگ کا حکم دے دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سفارتکاروں کو ویزا درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا پروفائل کی کڑی نگرانی کا حکم دے دیا ۔مارکو روبیو نے 25 مارچ کو سفارتکاروں کے نام مراسلہ بھیجا جس میں کہا گیا کہ ویزے کی درخواست دینے والے افراد کے سوشل میڈیا مواد کی چھان بین کریں ۔ جس کا مقصد امریکا اور اسرائیل پر تنقید کرنے والوں کو امریکا میں داخلے سے روکنا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی درخواست گزار نے فلسطین کے حق میں یا اسرائیل کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہوگی، تو اس کی ویزا درخواست مسترد ہو سکتی ہے۔امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے یہ حکم نامہ ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب صدر ٹرمپ ملک بدری کی کوششوں میں توسیع کر رہے ہیں، جن میں غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے دوران فلسطینیوں کی حمایت میں بولنے والے طلبہ بھی شامل ہیں غیرملکی میڈیا کے مطابق رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کے مراسلے میں کہا گیا کہ ہدایات پر عمل فوری طور پر کیا جائے اور قونصلر عہدیداران ویزا درخواستیں جمع کرانے والے مخصوص طالبعلموں اور دیگر افراد کے نام فراڈ کی روک تھام کرنے والے یونٹ کو دیں تاکہ ان کے سوشل میڈیا مواد کی چھان بین کی جاسکے۔