امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر کے ممالک کی درآمدی مصنوعات پر کم ازکم 10 فیصد ٹیکس عائد کردیا 25 ممالک پر جوابی ٹیرف لگادیا۔ پاکستان پر 29 فیصد اور بھارت پر 26 فیصد ٹیکس عائد کردیا۔ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان ہم سے 58 فیصد ٹیرف چارج کرتا ہے پاکستان پر 29 فیصد ٹیرف عائد کریں گے جبکہ بنگلا دیش پر 37 فیصد ٹیرف عائدہوگا۔امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں جوابی ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے اور خطاب میں کہا کہ جوابی ٹیرف کا نفاذ امریکا کیلئے اچھا ہوگا، آج کا دن امریکی تاریخ کے اہم دنوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے چین پر 34 فیصد، جاپان پر 24 فیصد ،یورپی یونین پر 20 فیصد ، اسرائیل پر 17 فیصد اور برطانیہ، برازیل اور سنگاپور پر 10 ، 10 فیصد ٹیکس لگانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا پر 49 فیصد، جنوبی افریقا پر 30 فیصد، انڈونیشیا پر 32 فیصد، ویتنام پر 46 فیصد، تائیوان پر 32 فیصد، جنوبی کوریا پر 25 فیصد لگادیا گیا ہے۔ انہوں نے غیرملکی ساختہ گاڑیوں پر 25 فیصد اضافی ٹیکس عائد کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا پر جوابی ٹیرف کا فائدہ بھی امریکا کو ہی ہوگا۔ وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اقتصادی آزادی کا دن ہے جو رقم عائد کئے جانے والے ٹیرف سے حاصل ہوگی اسے مقامی ٹیکسوں میں کمی کرنے پر لگائیں گے اس رقم کو قرضوں کی ادائیگی کے استعمال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ امریکی صنعت کو ارسرنو مرتب کریں گے جس کے نتیجے میں بالآخر ایک مضبوط معیشت اور امریکی صارفین کے لئے کم قیمتیں ہوں گی .انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ملک شکایت کرتا ہو کوئی ملک چاہتا ہو کہ ٹیرف ریٹ صفر کردیا جائے تو پھر اسے اپنی مصنوعات امریکا میں تیار کرنا ہوں گی کیونکہ یہاں کوئی ٹیرف نہیں۔ واضح رہے کہ کینیڈا اور میکسیکو کے حوالے سے امریکہ نے نئے ٹیرف کا اعلان نہیں کیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق وہ دونوں ممالک کو پچھلے ایگزیکٹو آرڈر میں طے شدہ فریم ورک کے مطابق ٹیکس دینا ہوگا. واضح رہے کہ کینیڈا اور میکسیکو نئے عائد 10فیصد بنیادی ٹیرف سے مستثنیٰ ہیں کینیڈا اور میکسیکو پر 25 فیصد ٹیرف پہلے سے عائد ہے دونوں ملکوں پر 25 فیصد ٹیرف ختم یا منسوخ ہونے پر 10 فیصد ٹیرف عائد ہوگا۔