امریکا میں گرین کارڈ ہولڈرز سمیت ہر غیر ملکی کا اندراج کرانا لازمی قرار

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر کے بعد جمعہ کو نافذ ہونے والے نئے قوانین کے مطابق امریکا میں رہنے والے تمام غیر ملکیوں کو حکومت کے پاس اندراج کرانا ہوگا اور ہر وقت اپنی قانونی حیثیت کا دستاویزی ثبوت اپنے پاس رکھنا ہوگا۔اس قانون کے مطابق 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام غیر ملکیوں بشمول قانونی حیثیت کے حامل افراد کو ہر وقت اپنے اندراج کا ثبوت ساتھ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ان احکامات میں گرین کارڈ ہولڈرز اور امریکا میں قانونی طور پر مقیم غیر شہریوں کی دیگر اقسام شامل ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں 30 روز سے زائد قیام کرنے والے ایسے تمام غیرملکیوں کے خلاف ہفتے سے قانونی کارروائی کی جائے گی جنہوں نے ایلیئن رجسٹریشن ایکٹ کے تحت خود کو رجسٹرڈ نہیں کرایا۔امریکی وزیر برائے ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نوئم نے تمام غیر ملکی شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ وفاقی قانون کے تحت خود کو رجسٹرڈ کرانے سے متعلق دی گئی 11 اپریل کی ڈیڈ لائن کا فائدہ اٹھائیں۔دوسری صورت میں سخت کارروائی کیلئے تیار رہیں.اس قانون کے تحت 30 دن یا اس سے زیادہ عرصے تک امریکا میں رہنے والے غیر ملکیوں کو بائیومیٹرک معلومات کے لیے نیا فارم جی-325 آر سمیت ایک آن لائن سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے اندراج کرانا ہوگا۔ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نوئم نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور وہ خود امریکا میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ اگر آپ ابھی امریکا چھوڑ دیتے ہیں تو آپ کو واپس امریکا آنے اور یہاں آزادی سے لطف اٹھانے اور امریکن ڈریم جینے کا موقع مل سکے گا.یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے 20 جنوری سن 2025کو ایک ایگزیکٹو آڈر پر دستخط کیے تھے جو امریکی عوام کو بیرونی حملے سے تحفظ دینے اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمہ کو امیگریشن نظام میں قانون کی بالادستی یقینی بنانے اور احتساب کرنے سے متعلق تھے۔اس حکمنامے میں ایلیئن رجسٹریشن ایکٹ کا نفاذ یقینی بنانا بھی شامل تھا۔اس ایکٹ کے تحت کسی بھی درجے کے امتیاز کے بغیر تمام غیرملکی شہریوں پر اس بات کا اطلاق ہوگا کہ اگر وہ 11 اپریل سن 2025تک 30 روز یا اس سے زائد عرصے سے امریکا میں مقیم ہیں تو یوایس سی آئی ایس کے ذریعے خود کو فوری رجسٹرڈ کرائیں.امریکا میں موجود ایسے بچے جن کی عمر 14 برس مکمل ہورہی ہے وہ دوبارہ رجسٹریشن کرائیں اور چودہویں سالگرہ کے 30 روز کے اندر اندر اپنے فنگرپرنٹس جمع کرائیں۔ یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ 18 برس اور اس سے زائد عمر کے تمام غیر امریکی شہری اس دستاویز کو ہر وقت اپنے ساتھ رکھیں.

Registration of all foreigners, including green card holders, is mandatory in the US

اپنا تبصرہ لکھیں